9 جون 2017 - 16:10
اقوام متحدہ کی جانب سے ایران دھشتگردی کی مذمت، جوہری معاہدے کی حمایت کا اعلان

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تہران میں کے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کی حمایت جاری رکھنا اقوام متحدہ کا باضابطہ مؤقف ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تہران میں کے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کی حمایت جاری رکھنا اقوام متحدہ کا باضابطہ مؤقف ہے.

یہ بات 'انٹونیو گوٹیریش' نے جمعہ کے روز قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ 'محمد جواد ظریف' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے تہران حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا.

فریقین نے اس ملاقات کے دوران مختلف علاقائی مسائل بالخصوص شام، عراق اور یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا.

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ خلیج فارس میں واقع بعض عرب ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کا واحد حل باہمی مشاورت اور مذاکرات ہے.

انہوں نے ایران جوہری معاہدے کے مکمل نفاذ پر زور دیا اور مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جوہری معاہدے کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہم اس معاہدے کی روح کے مطابق عمل درآمد کے حق میں ہیں.

انٹونیو گوٹیریش نے ایران میں موسمیاتی تبدیلی اور دھول کے مسائل پر آئندہ ہونے والی کانفرنس کا بھی خیرمقدم کیا.

یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے شانگھائی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے اعلی رہنما بالخصوص قازقستان اور افغانستان کے صدور سمیت روسی، ازبک اور قازق وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲